اننت ناگ: جے کے پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اور ایم ایل اے طارق حمید قرہ نے پہلگام حملے کو ’’انٹیلی جنس کی ناکامی‘‘ قرار دیتے ہوئے اس حملے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ سینئر کانگریس لیڈر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کو اننت ناگ ضلع میں کانگریس پارٹی کی جانب سے منعقدہ ریلی کے بعد میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔
پریس نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے قرہ نے انکشاف کیا کہ ’’پہلگام واقعے سے کم از کم تین دن قبل خفیہ اور معتبر اطلاعات موصول ہوئی تھیں، تاہم اس کے باوجود مناسب حفاظتی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔‘‘ قرہ کے مطابق ’’یہ ایک سنگین کوتاہی ہے جو فوری توجہ اور احتساب کی متقاضی ہے۔‘‘ قرہ نے اس حملے کی ’’مکمل اور غیرجانبدارانہ تحقیقات‘‘ کا مطالبہ کرتے ہوئے ’’ذمہ داران کو جوابدہ‘‘ بنائے جانے کا بھی مطالبہ کیا۔