سرینگر: تاریخی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ سے قبل خطاب کرتے ہوئے علیحدگی پسند و مذہبی رہنما میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی عمر فاروق نے کہا کہ دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد جس ’نارملسی‘ کا دعویٰ کیا جا رہا ہے، وہ محض صرف ایک سراب ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی درجہ ختم ہونے کے بعد لوگ سیاسی و انتظامی لحاظ سے بالکل بے بس ہو چکے ہیں۔ میرواعظ کے مطابق ’’منتخب حکومت بھی عوامی توقعات پر پوری اترنے میں ناکام رہی ہے۔‘‘ میرواعظ کشمیر نے عمر عبداللہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’وہ محض اختیارات کی کمی کا بہانہ بناتے ہیں، جب کہ لوگ چاہتے ہیں کہ وہ عملی طور پر کچھ کر کے دکھائیں۔‘‘