کولگام (فیاض لولو) : جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے اکہال جنگلات میں جاری تصادم آج ایک بار پھر اس وقت شدت اختیار کر گیا جب علاقے میں طرفین کے مابین دوبارہ فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق، ملی ٹنٹس ابھی بھی گھنے جنگلات میں چھپے ہوئے ہیں۔
علاقے میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے محاصرہ مزید سخت کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں ڈرونز اور ہیلی کاپٹرز کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ پیرا کمانڈوز اور دیگر خصوصی فورسز بھی کارروائی میں شریک ہیں۔ تازہ فائرنگ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کو مزید تیز کر دیا ہے۔
یہ آپریشن گزشتہ پانچ دنوں سے جاری ہے اور فورسز کو اب بھی سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔ اب تک اس انکاؤنٹر میں کم از کم دو ملی ٹنٹس ہلاک ہوئے ہیں جبکہ چار فوجی اہلکار بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔